The news is by your side.

گوادر ماسٹر پلان کا سب سے زیادہ فائدہ مقامی آبادی کو ہوگا

0

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گوادر ماسٹر پلان کا سب سے زیادہ فائدہ مقامی آبادی کو ہوگا، ماسٹر پلان میں گوادر کی پرانی آبادی اپنی جگہ پر رہے گی اور ماہی گیری کی صنعت اور ماہی گیروں کا روزگار بھی قطعاً متاثر نہیں ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں آل پارٹیز کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی اور رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ گوادر کے عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ گوادر اسمارٹ ماسٹر پلان میں ان کے مفادات کو مکمل تحفظ دیا گیا ہے اور اس میں ایسے منصوبے شامل ہیں جن کا اولین اور سب سے زیادہ فائدہ گوادر کے عام آدمی کو ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کی ترقی یہاں کے لوگوں کی ترقی ہے اور ترقی کے اس عمل میں مقامی لوگوں کی شراکت داری ضروری ہے۔

You might also like